
بنگلہ دیش میں گذشتہ سال اگست کے دوران طلبہ کے احتجاجی مظاہروں کے نتیجے میں عوامی لیگ کی حکومت گرنے کے بعد ایک سال میں ملک کی سفارت کاری کے انداز اور موقف میں واضح تبدیلی آئی ہے۔
شیخ حسینہ کی حکومت جانے کے بعد بنگلہ دیش کا اپنے دیرینہ اتحادی ملک انڈیا کے ساتھ تعلقات میں تناؤ پیدا ہوا ہے۔
گذشتہ ایک برس میں بنگلہ دیش کی خارجہ پالیسی کو انڈیا سے دور اور چین کے قریب دیکھا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی کوششیں بھی دیکھنے میں آئی ہیں۔
انڈیا کے بنگلہ دیش کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات بھی خراب ہوئے اور سرحد پر تصادم کی صورتحال بھی پیدا ہوئی۔
بنگلہ دیش نے الزام لگایا ہے کہ انڈیا میں پکڑے جانے والے نام نہاد غیر قانونی بنگلہ دیشی شہریوں کو بنگلہ دیش کی سرحد میں دھکیلا جا رہا ہے۔
