بارش سے متاثرہ دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ہرا دیا، نظریں اب فائنل شو ڈاؤن پر

حسن علی نے صرف 12 رنز پر دونوں اوپنرز کو واپسی کا راستہ دکھا دیا

ٹرینیڈاڈ کے میدان میں بارش کی رم جھم اور وکٹوں کی کھڑکھڑاہٹ نے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا، مگر آخر میں مسکراہٹ کیریبیئن چہروں پر سج گئی۔ ویسٹ انڈیز نے بارش سے متاثرہ دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی، اور اب سب کی نظریں منگل کے فائنل شو ڈاؤن پر ہیں۔

بارش نے میچ کا مزاج ہی بدل ڈالا، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 37 اوورز میں سات وکٹوں پر 171 رنز جوڑے۔ حسن نواز کے 36 اور حسین طلعت کے 31 رنز کے سوا کوئی بیٹسمین نمایاں نہ ہو سکا۔

ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت میزبان ٹیم کو پینتیس اوورز میں 181 رنز کا ہدف ملا، شاہینوں نے ابتدا میں امید اُس وقت جگائی جب حسن علی نے صرف 12 رنز پر دونوں اوپنرز کو واپسی کا راستہ دکھا دیا۔

مگر پھر کپتان شائی ہوپ نے کارٹی اور جارح مزاج ردرفورڈ کے ساتھ اننگز سنبھالی۔ ردرفورڈ نے تین شاندار چھکوں کے ساتھ 45 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جبکہ روسٹن چیس نے 49 رنز بنا کر جیت کو یقینی بنایا۔ ویسٹ انڈیز نے ہدف 33.2 اوورز میں مکمل کر لیا۔

اب سیریز کا فیصلہ ٹرینیڈاڈ میں ہی منگل کو ہوگا، جہاں ایک ٹیم کی جیت جشن میں بدلے گی اور دوسری کو مایوسی کی شام دیکھنا پڑے گی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*