
پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 14 رنز سے کامیابی حاصل کی اور سیریز 1-2 سے جیت لی۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 6 وکٹوں پر 176 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے شاندار آغاز فراہم کیا۔ صائم ایوب نے 66 اور صاحبزادہ فرحان نے 74 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں حسن نواز نے 15، محمد حارث نے 2، جبکہ خوشدل شاہ 11 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر، روسٹن چیز اور شمار جوزف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جوابی اننگز میں ویسٹ انڈین ٹیم 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 176 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستانی بولنگ لائن اپ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
تیسرے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ شاہین آفریدی کی جگہ حارث رؤف اور انجری کا شکار فخر زمان کی جگہ خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرا میچ ویسٹ انڈیز کے نام رہا تھا۔ فیصلہ کن تیسرے میچ میں فتح کے ساتھ پاکستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی، جو رواں سیزن میں گرین شرٹس کی ایک اہم کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔