پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس ایک لاکھ 42 ہزار کی حد عبور کرگیا

کے ایس ای-100 انڈیکس میں 900 پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کے روز کاروباری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھی گئی، جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس میں 900 پوائنٹس سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاروبار کے ابتدائی اوقات میں انڈیکس 864.92 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 41 ہزار 899.90 کی سطح پر پہنچ گیا، جو 0.61 فیصد کا نمایاں اضافہ ہے۔ بعد ازاں انڈیکس 1 لاکھ 42 ہزار کی حد عبور کر گیا۔

کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کے دوران بینکاری، تیل و گیس کی تلاش، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، بجلی پیدا کرنے اور ریفائنری کے شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھی گئی۔ اے آر ایل، ایم اے آر آئی، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، پی ایس او، وافی، ایچ بی ایل، ایم ای بی ایل اور این بی پی جیسے بڑے اسٹاکس سبز نشان میں ٹریڈ ہوتے نظر آئے۔

تجزیہ کاروں نے اس غیر معمولی تیزی کو پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ تجارتی معاہدے سے جوڑا ہے، جس کے تحت پاکستان کو امریکی منڈی میں کم ٹیرف کی سہولت حاصل ہوگی۔ سرمایہ کاروں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان کی معیشت کے لیے نیا موڑ قرار دیا ہے۔

گزشتہ ہفتے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے تاریخی کارکردگی دکھائی تھی، جب کے ایس ای-100 انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 41 ہزار 35 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا، جو ہفتہ وار بنیاد پر 1.3 فیصد کا اضافہ تھا۔ دوران ہفتہ انڈیکس نے 1 لاکھ 41 ہزار161 پوائنٹس کی نئی انٹرا ڈے ریکارڈ سطح بھی چھوئی، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد اور پاکستان کی معاشی سمت پر یقین کی جھلک واضح ہوئی۔

یہ تیزی اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی تجارتی محاذ پر ہونے والی پیش رفت، خاص طور پر امریکا کے ساتھ بہتر ہوتے تعلقات، پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کو نئی بلندیوں کی طرف لے جا رہے ہیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*