
لیاقت آباد کے علاقے الطاف علی بریلوی روڈ بی روڈ، ڈاکخانہ تا سندھی ہوٹل کی بدترین صورتحال، کھلے گٹروں، مٹی، خستہ سڑک اور حالیہ افسوسناک حادثے کے بعد پاکستان مسلم لیگ فنکشنل پی ایس 127 کی قیادت نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ اور چیئرمین فراز حسیب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر پی ایس 127 امان اللہ بھائی نے کہا کہ ہم نے آٹھ سے دس ماہ قبل بھی اسی سڑک کے مسائل پر آواز اٹھائی تھی، مگر آج بھی وہی ابتر حالت برقرار ہے۔ اڑتی ہوئی مٹی نے عوام کی صحت کو خطرے میں ڈال دیا ہے، بیماریاں پھیل رہی ہیں، اور انتظامیہ مسلسل غفلت برت رہی ہے۔ اگر کام کرنے کی نیت نہیں تو عوام کو صاف بتا دیا جائے، ہم خود اپنے ذرائع سے مسئلہ حل کرنا جانتے ہیں۔
سینئر نائب صدر شاہد بھائی نے واقعے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایک فیملی کا کھلے گٹر میں گرنا چیخ چیخ کر انتظامیہ کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ عوام کے ووٹوں سے آنے والے نمائندوں کو عوام کی تکلیف کا ادراک ہونا چاہیے۔ اگر فوری طور پر سڑک کی مرمت اور ڈھکنوں کی تنصیب نہ کی گئی تو ہم یہ معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھائیں گے۔
ایڈیشنل جنرل سیکرٹری امین قریشی بھائی نے کھلے گٹروں کے باعث حالیہ حادثے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت نے شہریوں کی جانوں کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ سڑک کی مرمت اور گٹروں کے ڈھکن ایک سال سے التوا کا شکار ہیں، اور اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ اگر یہ نااہلی جاری رہی تو احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل پی ایس 127 کی قیادت نے مشترکہ طور پر مطالبہ کیا ہے کہ ٹاؤن انتظامیہ فوری طور پر سڑک کی بحالی اور نکاسیٔ آب کے مسائل حل کرے، بصورت دیگر عوامی احتجاج ناگزیر ہو گا
