کراچی میں غیر قانونی انگریزی شراب کی فروخت
قانون کی گرفت کمزور، ملکی ریونیو کو اربوں کا نقصان

کراچی (خصوصی رپورٹ) کراچی کے ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر اسمگل شدہ انگریزی شراب کی فروخت عروج پر ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس صورتحال پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ تھانہ درخشاں، گزری، کلفٹن، ساحل، ڈیفنس فیز فائیو، فریئر اور بوٹ بیسن کے علاقوں میں انگریزی شراب کی غیر قانونی فروخت ایک منافع بخش کاروبار بن چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کاروبار نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ پورے کراچی میں پھیلا ہوا ہے اور اس میں پولیس، ایکسائز اور کسٹمز کے بعض اہلکاروں کی ملی بھگت بھی شامل ہے۔

معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں موجود 11 مختلف خفیہ ڈمپنگ پوائنٹس کے ذریعے انگریزی شراب کی بڑی مقدار میں سپلائی کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ان غیر قانونی ڈیلروں کو سیاسی شخصیات، میڈیا ہاؤسز کے بعض رپورٹرز، پولیس اور ایکسائز افسران کی سرپرستی حاصل ہے، جس کی وجہ سے ان کے خلاف کارروائی کرنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔

اطلاعات کے مطابق، غیر قانونی ڈیلر ہر ہفتے لاکھوں روپے نقد میں رشوت کے طور پر پولیس کو ادا کرتے ہیں جبکہ بااثر اہلکار انگریزی شراب کی قیمتی بوتلیں مہنگے گیسٹ ہاؤسز اور تفریحی مقامات پر عیاشوں کے لئے فروخت کرتے نظر آتے ہیں۔ یہ کاروبار پولیس کے چند مخصوص بیٹرز کے ذریعے کھلے عام جاری ہے، جو اپنی حیثیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف مفت میں قیمتی شراب حاصل کرتے ہیں بلکہ اس کی فروخت میں بھی معاونت کرتے ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انگریزی شراب کی ترسیل کے لیے غیر مسلم لڑکوں کو باقاعدہ تنخواہ اور کمیشن پر بھرتی کیا گیا ہے جو موٹر سائیکلوں پر مشتبہ انداز میں شراب کی سپلائی کرتے ہیں۔ ان لڑکوں کو پولیس کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے، جس کے باعث یہ کاروبار دن دوگنا رات چوگنا ترقی کر رہا ہے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس غیر قانونی کاروبار کی سرپرستی کرنے والے ڈیلرز کے خلاف کارروائی ممکن نہیں کیونکہ ان کے تعلقات اعلیٰ حکام، سیاسی شخصیات اور میڈیا سے انتہائی مضبوط ہیں۔ پولیس کے افسران اگر ان کے خلاف کارروائی کی کوشش کریں تو انہیں کسی وزیر یا معتبر سیاسی لیڈر کا فون آجاتا ہے اور مجبورا کارروائی کو ختم کرنا پڑتا ہے۔

یہ صورت حال وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے لیے سنگین چیلنج ہے کیونکہ اربوں روپے کی اسمگل شدہ انگریزی شراب کی فروخت سے قومی خزانے کو زبردست نقصان پہنچ رہا ہے اور اس کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*