واٹر کارپوریشن کے اینٹی تھیفٹ سیل کی ٹیم کی چاندنی چوک اور اطراف میں پانی چور مافیا کے خلاف کاروائی


پانی چوری کرکے ٹینکیوں اور کین کے ذریعے سپلائی کرنے والے دو مقامات پکڑے گئے
علاقہ مکینوں کا واٹر کارپوریشن کی لائین سے ایکس, وائی اور زیڈ ایریا کو پانی فراہم کرنے والی لائین کاٹ کر ٹرانسفر کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی کا مطالبہ
کراچی(رپورٹ: کامران شیخ)
پاپوش نگر, اورنگ آباد میں پانی چور مافیا میں کھلبلی مچ گئی, قومی اخبار کی نشاندہی پر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اینٹی تھیفٹ سیل کی کاروائی, علاقے میں چلنے والے غیر قانونی واٹر فلٹر پلانٹس پر چھاپہ مار کاروائی, بڑے پیمانے پر پانی چوری کرنے والی مشینیں اور لائنیں پکڑ لی گئیں, اینٹی تھیفٹ سیل کی ٹیم نے چاندنی چوک پر دو مختلف مقامات پر کاروائی کی, جہاں غیر قانونی پانی کے کنکشن پکڑے گئے , جبکہ بورنگ کے پانی سمیت واٹر کارپوریشن کی لائینوں سے بھی پانی چوری کرکے بیچا جارہاتھا, واضح رہے کہ چاندنی چوک, اورنگ آباد, کے علاوہ اطراف میں اشرف نگر, علامہ اقبال ٹاون میں بھی بڑے پیمانے پر پانی چوری کرکے ٹینکیوں کے ذریعے بیچا جارہاہے جس پر واٹر کارپوریشن کی جانب سے جلد کاروائی کی جائے گی, علاقہ مکینوں کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی لائین سے ایکس, وائی اور زیڈ کا پانی کاٹ کر کہیں اور ٹرانسفر کردیا گیا ہے جبکہ واٹر کارپوریشن کی اجازت کے بعد جو لائین اس علاقے کے گھروں کو فراہم کی گئی تھی اسے پانی چور مافیا نے بیچ میں سے کئی جگہ سے کاٹ کر کہیں اور ٹرانسفر کیا ہے جس کے باعث اورنگ آباد, پاپوش نگر اور جمہوریہ کالونی کے مکین پانی کی بوند بوند سے محروم ہوچکے ہیں, اہل علاقہ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سے پانی چوری کرنے والی اس مافیا کے خلاف بھی سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے