بدین : حیدرآباد ہائی وے پر خوفناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی کار میں سوار 5 افراد جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق افراد میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد ہائی وے پر ضلع بدین سے تلہار جاتے ہوئے تیز رفتار کار اور ٹرک کے مابین خوفناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں کار میں سوار 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
بدقسمت افراد بدین سے ہنڈا سٹی کار نمبر بی ایس ٹی 365 میں تلہار جا رہے تھے کہ بس اسٹاپ یوسف شاہ کے پاس سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک سے ٹکر ہو گئی۔
حادثے میں جاں بحق افراد میں جان محمد کھٹی، اظہر حسین جتوعی، صاحب ملاح ان کی زوجہ اور ساس شامل ہیں۔
حادثے کی خبر پر ایدھی کے رضاکار اور بدین پولیس موقع پر پہنچی اور ہلاک شدگان کی ڈیڈ باڈیز کو کار کی باڈی کاٹ کر نکالا گیا، جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حادثے کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لے رہی ہے، جس کے بعد ٹرک ڈرائیور کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔