خاتون بانو بی بی کو سات گولیاں ماری گئیں اسی طرح مقتول احسان اللہ سمالانی کو نو گولیاں مار کر قتل کیا گیا

کوئٹہ: بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کیے گئے مرد اور خاتون کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، احسان اللہ کو نو اور خاتون کو سات گولیاں ماری گئیں۔
بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ کے مضافاتی علاقے ڈیگاری میں خاتون اور مرد کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کرنے کا سفاک واقعہ پیش آیا ہے۔
عدالتی حکم کے بعد قبر کشائی کرکے دونوں کی لاشیں نکالی گئیں اور پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرکے رپورٹ جاری کردی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون بانو بی بی کو سات گولیاں ماری گئیں اسی طرح مقتول احسان اللہ سمالانی کو نو گولیاں ماری گئیں، دونوں کو 4 جون 2025 کو قتل کیا گیا۔
واضح رہے کہ واقعہ سامنے آنے کے بعد سے پولیس نے مقدمہ درج کرکے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور دہرے قتل میں ملوث اب تک 13 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔