
کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان نے صحافی پر حملے کے مقدمے کی نقول لینے سے انکار کردیا۔
کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کے خلاف صحافی پر حملے کے مقدمے کی سماعت کی جس سلسلے میں پولیس نے ملزم کو عدالت کے سامنے پیش کیا۔
دوران سماعت ملزم ارمغان نے مقدمے کی نقول لینے سے انکار کیا جس پر عدالت نے ملزم ارمغان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ مقدمے کی نقول کیوں نہیں لینا چاہتے؟ اس پر ملزم نے کہا کہ جب تک میرا وکیل موجود نہیں ہوگا، میں مقدمے کی نقول نہیں لوں گا۔
بعد ازاں عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ اور انتظامیہ سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کے مرکزی ملزم ارمغان غازی کو 8 فروری کو کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان مومن سے پولیس مقابلے کے بعد حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد اسے ایک صحافی پر حملے کے مقدمے میں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔