100 انڈیکس میں 1700 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران زبردست تیزی کی لہر دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس میں 1700 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس تیزی کے ساتھ انڈیکس نے پہلی بار 1 لاکھ 38 ہزار پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔
ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں یہ تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد، بہتر مالیاتی اشاریوں اور آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیش رفت کی بنیاد پر سامنے آئی ہے۔
کاروباری طبقے کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ اور بہتر کارپوریٹ نتائج نے بھی مارکیٹ کو سہارا دیا، جبکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے بعد مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر سیاسی استحکام اور معاشی اصلاحات کا سلسلہ جاری رہا تو اسٹاک مارکیٹ آئندہ دنوں میں مزید ریکارڈز بھی قائم کر سکتی ہے۔