مارکیٹ میں مختلف اہم شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا، اور کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 37 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ کاروبار کے دوران سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی دیکھی گئی۔
صبح 11 بج کر 25 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 970.68 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 37 ہزار 473.21 پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو کہ 0.71 فیصد کا نمایاں اضافہ ہے۔
بعدازاں، دوران کاروبار پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پرافٹ ٹیکنگ کا رجحان دیکھا گیا، جس کے باعث 100 انڈیکس میں 500 پوائنٹس سے زائد کمی ریکارڈر ہوئی اور انڈیکس 1 لاکھ 35 ہزار 900 پر آگیا۔
مارکیٹ میں مختلف اہم شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی، جن میں آٹو موبائل، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں، پاور جنریشن اور ریفائنری شامل ہیں۔ انڈیکس میں نمایاں وزن رکھنے والے اسٹاکس جیسا کہ اے آر ایل، حبکو، ایم سی بی، یو بی ایل، پی ایس او، پی پی ایل، ماری اور نیشنل بینک سبز نشان میں ٹریڈ کرتے رہے۔
اس سے ایک روز قبل پیر کے روز بھی مارکیٹ نے تاریخ رقم کی تھی، جب انڈیکس 2 ہزار 203 پوائنٹس کے شاندار اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 36 ہزار 502.54 پر بند ہوا تھا، جو کہ 1.64 فیصد کا اضافہ تھا۔ یہ اضافہ ادارہ جاتی سرمایہ کاری، بہتر معاشی اشاریوں اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق سیاسی استحکام، آئی ایم ایف پروگرام میں پیش رفت، اور زرمبادلہ ذخائر میں بہتری جیسے عوامل بھی اس تیزی کی بنیاد بنے ہیں۔ مارکیٹ ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو اسٹاک ایکسچینج مزید نئی بلندیوں کو چھو سکتی ہے۔