وزیر اعظم اجلاس میں علاقائی اور عالمی چیلنجز پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو گئے جہاں وہ 3 اور 4 جولائی کو باکو میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم کے 17ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے اور علاقائی و عالمی چیلنجز پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
وزیراعظم اجلاس میں ای سی او ویژن 2025 کے تحت خطے میں اقتصادی ترقی، روابط اور توانائی تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف مختلف ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی سفیر کی ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت دیگر وزراء بھی شریک تھے۔
وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے سعودی عرب کی مفاہمتی کوششوں کو سراہا، خصوصاً پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے سعودی کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر آگاہ کیا کہ پاکستان نے جولائی 2025 کے مہینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے۔ سعودی سفیر نے خطے میں قیام امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور مکمل تعاون کا یقین دلایا۔