
تہران: ایران اسرائیل جنگ کے دوران اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی شہریوں کی تعداد 900 سے تجاوز کرگئی۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی نے ایران کے سرکاری میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 12 روزہ ایران اسرائیل جنگ کے دوران ایران میں کم از کم 935 افراد شہید ہوئے۔
ایرانی وزارت انصاف کے ترجمان کے مطابق شہید ہونے والوں میں 132 خواتین اور 38 بچے بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے 13 جون کو ایران پر اپنے حملوں کا آغاز کیا تھا اور ابتدائی حملوں میں ہی اعلیٰ فوجی افسران اور جوہری سائنسدانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
ایران نے اسرائیلی حملوں کا جواب دیتے ہوئے اسرائیلی علاقوں میں شدید میزائل حملے کیے تھے جن کے نتیجے میں اسرائیل میں 28 افراد ہلاک ہوئے۔
اسرائیل ایران جنگ کے دوران امریکا نے بھی ایران میں فردو، اصفہان اور نطنز میں ایران کی جوہری تنصیبات پر فضائی حملے کیے اور ان تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان 24 جون کو جنگ بندی عمل میں آئی۔