کالام، ناران، کاغان سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر بھی آپریشن کیا جائے گا ، ترجمان وزیراعلیٰ

خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی نے صوبے بھر میں جاری پری مون سون بارشوں کے پیش نظر ایک بار پھر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق بالائی اضلاع خصوصاً لواری ٹنل کے اطراف بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات موجود ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سیاح اور مسافر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ہنگامی صورت میں فوری طور پر ٹورازم ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر سیاحتی مقامات پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ فراز مغل کے مطابق کالام، ناران، کاغان سمیت مختلف سیاحتی علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دریائے سوات کے کنارے قائم ہوٹلز اور دکانیں بھی گرائی گئی ہیں، جبکہ آپریشن کا دائرہ کار مزید بڑھایا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ آپریشن بلا تفریق جاری رہے گا اور کسی قسم کا دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تجاوزات کے خاتمے کا مقصد سیاحتی مقامات کی قدرتی خوبصورتی کو بحال کرنا ہے، جبکہ عوام کی جانب سے اس مہم میں مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ نے دفعہ 144 کا نفاذ یقینی بنانے کے لئے مختلف دریاؤں پر سرکاری اہلکار تعینات کر دیے ،9 اضلاع میں 17 سو کے قریب سرکاری اہلکار دریاؤں پر تعینات کئے گئے جن میں پولیس کے 990،لیویز کے 420، ریونیوکے 240 اور ٹی ایم اے اہلکار شامل ہیں ۔