مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر کراچی میں 29 جون تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، محکمہ موسمیات

شہر قائد میں مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل تاحال جاری ہے، مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہے گا اور بادل جم کر برسیں گے۔
ہفتے کی صبح کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور، کیماڑی اور ڈیفنس میں بارش ہوئی۔ بہادرآباد، طارق روڈ، دھوراجی، اسٹیڈیم روڈ، پی ای سی ایچ ایس، شارع فیصل، پی اے ایف بیس فیصل، ڈرگ روڈ، گلستان جوہر، کارساز اور صدر کے اطراف بھی بادل جم کر برسے۔
شہر میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر کراچی میں 29 جون تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جب کہ مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل 5 جولائی سے ملک کے مختلف حصوں پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت کراچی کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، تاہم گرمی کی شدت 34 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے جب کہ شمال مشرقی سمت سے 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
آج درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔