
اسلام آباد : وزیردفاع خواجہ آصف نے ایران اسرائیل جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی مستقل مزاجی اور اس کے حوصلے کی فتح ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیان میں کہا کہ ایران اسرائیل جنگ بندی خوش آئند بات ہے، ایران کی مستقل مزاجی اوراس کےحوصلےکی فتح ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جس طرح ایران نے اپنے سے کئی گنا زیادہ مسلح دشمن کامقابلہ کیا، اس پر ایرانی لیڈرشپ اورایرانی عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ اللہ کی مہربانی سے دو فتوحات عالم اسلام ملی جو اچھا شگون ہے، پاکستان کو بھارت پرفتح ملی اور آج کی جنگ بندی اس بات کا ثبوت ہے کہ فتح ایرانی عوام اور لیڈرشپ کےحوصلے کی ہے۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ اب دعا ہے کہ مسلم دنیا کوتوفیق عطاہوکہ غزہ کےساتھ کھڑے ہونےکاحوصلہ پیدا کرسکے۔
یاد رہےصدر ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی کا اعلان کیا تھا ، جس کے بعد ایران اور اسرائیل نے بھی جنگ بندی کی حمایت کی تھی۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل اور ایران میرے پاس آئے دونوں نے امن کی بات کی،یہ وقت امن قائم کرنے کا ہے۔جنگ بندی شروع ہوچکی،براہ مہربانی خلاف ورزی نہ کریں۔