
پریس ریلیز
اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد ای گیٹس منصوبے کا ڈیزائن مرحلہ مکمل
کراچی، 24 جون 2025
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر ای گیٹس منصوبے کے ڈیزائن کا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔ یہ پیش رفت تین روزہ ورکشاپس اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد ممکن ہوئی۔
ای گیٹس کا منصوبہ ملک کے تین مصروف ترین ہوائی اڈوں پر بایومیٹرک سسٹم پر مبنی خودکار امیگریشن متعارف کرے گا — تاکہ مسافروں کو زیادہ محفوظ، تیز اور سہل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈیزائننگ کا عمل عالمی ماہرین اور متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ قریبی رابطے سے مکمل کیا گیا ہے، جو اب منصوبے کے اگلے مرحلے کے لیے بنیاد فراہم کرتا ہے۔ اس سلسلے میں جرمن کنسلٹنسی فرم M2P Consulting اب تفصیلی تکنیکی اسناد اور ٹینڈر دستاویزات تیار کرے گی تاکہ عالمی معیار کی کمپنیوں سے تجاویز حاصل کی جا سکیں۔
یہ اقدام پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت ایئرپورٹس کو اسمارٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید اور محفوظ بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان