ایران اور اسرائیل نے مکمل جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے: صدر ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔

صدرٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ  تمام لوگوں کو مبارک ہو! اسرائیل اور ایران کے درمیان مکمل جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے ۔

ٹرمپ نے کہا کہ تقریباً اب سے 6 گھنٹوں کے بعد جب اسرائیل اور ایران اپنی جاری آخری کارروائیاں مکمل کر لیں گے  تو جنگ بندی ہوگی جو کہ 12 گھنٹوں کے لیے ہوگی اور اس کے بعد جنگ کو ختم شدہ تصور کیا جائے گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ جنگ بندی ایران شروع کرے گا اور 12ویں گھنٹے پر اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی شروع کی جائے گی اور پھر’12 روزہ جنگ‘ کا باضابطہ خاتمہ ہوگا۔ ہر فریق کی جنگ بندی کے دوران دوسرا فریق پرامن اور بااحترام رہے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ میں دونوں ممالک، اسرائیل اور ایران کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اس جنگ کو ختم کرنے کے لیے استقامت، ہمت اور ذہانت کا مظاہرہ کیا، جسے ’12 روزہ جنگ’ کہا جانا چاہیے۔

امریکی صدر نے کہا کہ یہ ایک ایسی جنگ تھی جو برسوں جاری رہ سکتی تھی اور پورے مشرق وسطیٰ کو تباہ کر سکتی تھی، مگر ایسا نہیں ہوا، اور اب کبھی نہیں ہوگا، خدا اسرائیل، ایران ،مشرق وسطیٰ ،امریکا اور پوری دنیا پر رحم کرے۔ 

دوسری جانب سینیئر ایرانی عہدیدار کاکہنا ہے کہ ایران کو جنگ بندی کی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی۔

اس کے علاوہ اسرائیل کی جانب سے بھی اب تک جنگ بندی کے حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*