ایف سی اے کے تحت دیے جانے والے ریلیف سے ٹیرِف میں فرق پیدا ہوگا وفاقی حکومت پہلے ہی 21 ارب کی سبسڈی دے چکی ہے، پاور ڈویژن

کے الیکٹرک کی جانب سے اپریل کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست پر نیپرا میں سماعت کا آغاز ہوا، تاہم سماعت کے آغاز پر ہی پاور ڈویژن نے مؤخر کرنے کی استدعا کر دی۔
پاور ڈویژن نے موقف اختیار کیا کہ کے الیکٹرک کے معاملے پر پہلے سے ایک نظرثانی درخواست دائر کی گئی ہے، اور اس ریلیف کی منظوری کی صورت میں یونیفارم ٹیرف متاثر ہوگا۔ پاور ڈویژن کے مطابق ایف سی اے کے تحت دیے جانے والے ریلیف سے ٹیرِف میں فرق پیدا ہوگا، جبکہ وفاقی حکومت پہلے ہی 21 ارب روپے کی سبسڈی دے چکی ہے۔
پاور ڈویژن نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ ہے اور اس طرح کے ریلیف اقدامات سے مالیاتی نظم و ضبط پر دباؤ آئے گا، جس سے پالیسی سطح پر مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
نیپرا نے پاور ڈویژن کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لیے مؤخر کر دی۔ اس دوران کے الیکٹرک کی درخواست پر عوامی آراء لینے کے لیے وفاقی حکومت کا خط نیپرا کی ویب سائٹ پر جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ معاملے سے متعلق دوبارہ اشتہار بھی جاری کیا جائے گا۔