ایرانی سرکاری ٹی وی کی عمارت پر حملے کی ویڈیو جاری، اسٹوڈیوز اور نیوز روم مکمل طور پر تباہ دکھایا گیا ہے

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے نئے مرحلے میں اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران پر ایک اور ڈرون حملہ کر دیا۔ حملہ گیشا کے علاقے میں ایک رہائشی عمارت کے اپارٹمنٹ پر کیا گیا، اسرائیلی فورسز نے ایرانی میزائل لانچ پلیٹ فارم کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک ایرانی کمانڈر شہید ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایرانی میزائل لانچ پلیٹ فارم کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک ایرانی کمانڈر شہید ہو گیا۔ ایرانی حکام نے حملے کو ”جارحیت کی نئی لہر“ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری ردعمل کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اسرائیلی فوج کی جانب سے حملے کا نشانہ بننے والی ایران کی سرکاری ٹی وی کی عمارت کی ویڈیو جاری کردی۔
چند روز قبل اسرائیل نے تہران پر کیے گئے حملوں میں ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کی عمارت کو نشانہ بنایا تھا جس دوران عمارت کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
حملے کے بعد کچھ دیر کے لیے نشریات روکنا پڑی تھیں جب کہ حملے کے دوران خبریں پڑھنے والی اینکر سحر امامی نے کمال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ ہی دیر بعد دوبارہ خبریں دینا شروع کردی تھیں۔
تاہم اب سی این این کی جانب سے حملے کا نشانہ بننے والی ایرانی ٹی وی کی عمارت پر رپورٹ بنائی گئی ہے جس میں تباہ اسٹوڈیوز اور نیوز روم کو دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں جلے ہوئے پیپر اور کمپیوٹرز بھی دیکھے جاسکتے ہیں جب کہ حملے کے بعد آگ لگنے سے عمارت انتہائی بوسیدہ دکھائی دینے لگی ہے۔