شہر قائد میں صبح کے وقت مختلف علاقوں میں ہلکی بونداباندی نے موسم کو خوشگوار بنا دیا

شہر قائد میں جاری شدید گرمی کی لہر آخرکار تھم گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران موسم ابر آلود رہے گا جبکہ وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں ہلکی بونداباندی کا امکان ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہو چکی ہیں جو موسم کو خوشگوار بنانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ہفتے بھی موسم معتدل اور خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
انجم نذیر ضیغم کا کہنا ہے کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 35 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ جون کے آخر یا جولائی میں کراچی میں بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
شہرمیں اس وقت جنوب مغرب کی سمت سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جو موسم کو نسبتاً خوشگوار بنانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔
ماہر موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب اور بادلوں کی موجودگی گرمی کی شدت کو کم کرنے میں مدد دے رہی ہے۔ اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو جولائی میں بارش کے باقاعدہ سلسلے کا آغاز ہوسکتا ہے، جس سے شہر میں موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
علاوہ ازیں شہر قائد میں صبح کے وقت مختلف علاقوں میں ہلکی بونداباندی نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ گلستان جوہر، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ، لیاقت آباد، یونیورسٹی روڈ اور فیڈرل بی ایریا سمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔