خوشی ہے آئی ایم ایف نے زراعت پر ٹیکس نہ لگانے والی بات مان لی، وزیراعظم

معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن حکومت کی اصلاحات کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں خطے کی سیکیورٹی، بجٹ کی تیاری، اور اتحادی جماعتوں کی حمایت کے حصول جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔

کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے کیش لیس اکانومی اور معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن کو فروغ دینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن حکومت کی اصلاحاتی پالیسی کا مرکزی ستون ہے، جس کا مقصد شفافیت اور سہولت کو فروغ دینا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل والٹس اور آن لائن ادائیگیوں کو عام کیا جائے تاکہ رقوم کی منتقلی شفاف اور براہِ راست مستحق افراد تک ممکن ہو۔ انہوں نے رمضان المبارک میں ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی گئی رقوم کی تقسیم کو شفاف اور مؤثر ماڈل قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، اور عالمی برادری کو مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر فوری کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائی کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جو پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایرانی صدر سے بھی اس صورتحال پر گفتگو ہوئی ہے جبکہ ترک صدر سے بھی خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں جاری مظالم پر عالمی ضمیر کب جاگے گا؟ غزہ میں اب تک 50 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس کا خیر مقدم کرتا ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ بھارت کے خلاف جنگ میں اللہ نے پاکستان کو عظیم فتح عطا کی۔

کابینہ اجلاس کے دوران ملکی معاشی صورتحال اور وفاقی بجٹ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہم نے آئی ایم ایف کو صاف بتا دیا تھا کہ زراعت پر ٹیکس نہیں لگنے دیں گے اور خوشی ہے کہ آئی ایم ایف نے ہماری اس بات کو مانا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کی جھلک مہنگائی کی شرح میں کمی اور ترسیلات زر میں اضافے سے ظاہر ہو رہی ہے اور یہ ہماری مالی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*