فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم ملاقات آج ہوگی

سیکیورٹی اور حساس نوعیت کے باعث اس ملاقات میں میڈیا یا صحافیوں کو شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے آج ایک اہم ملاقات طے پا گئی ہے، جس کی وائٹ ہاؤس نے باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ ملاقات واشنگٹن میں ظہرانے پر ہوگی اور اس کا انعقاد کیبنٹ روم میں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات امریکی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات دس بجے کے قریب متوقع ہے۔ سیکیورٹی اور حساس نوعیت کے باعث اس ملاقات میں میڈیا یا صحافیوں کو شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بعد ازاں اس ملاقات سے متعلق کچھ تفصیلات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق، اس ملاقات میں امریکی نائب صدر اور کابینہ کے اہم اراکین بھی شریک ہوں گے، تاہم پاکستان کی جانب سے کوئی سویلین نمائندگی اس میں شامل نہیں ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں کسی بھی پاکستانی آرمی چیف کو امریکی صدر سے براہِ راست اس نوعیت کی ملاقات کا موقع نہیں ملا۔ سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی امریکی صدر جارج بش سے ملاقات بطور صدر مملکت ہوئی تھی، جب کہ جنرل راحیل شریف اور جنرل قمر جاوید باجوہ کے امریکی دورے زیادہ تر عسکری تعلقات اور دفاعی تعاون کے تناظر میں رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات ایک منفرد ملٹری انگیجمنٹ ہے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب خطے کی صورتحال اور پاک امریکہ تعلقات میں کئی اہم پہلو عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی یہ سفارتی سرگرمی دونوں ممالک کے مابین دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو نئی جہت دینے کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*