اسلامی ممالک نے ایران پر اسرائیل کے حملوں کو یکسر مسترد کردیا

ایران کیخلاف اسرائیلی جارحیت پر مسلم ممالک کا اہم مشترکہ اعلامیہ جاری

ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر مسلم ممالک کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، اسلامی ممالک نے ایران پر اسرائیل کے حملوں کو یکسر مسترد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے خلاف مسلسل اسرائیلی جارحیت اور حملوں کے خلاف مسلم ممالک نے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشترکہ اعلامیہ مشرق وسطیٰ صورتحال اور ایران اسرائیل کشیدگی کے پیش نظر کیا گیا جبکہ اعلامیے کی توثیق پاکستان، عراق، سعودی عرب، قطر، کویت، مصر، اردن، الجزائر اور بحرین نے کی۔

برونائی دارالسلام، چاڈ، اتحاد القمری، جبوتی، لیبیا، موریتانیہ، صومالیہ اور سوڈان بھی توثیق کرنے والے ممالک میں شامل ہیں، ترکیہ، عمان اور متحدہ عرب امارات نے بھی مشترکہ اعلامیے کی توثیق کی۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ 13 جون سے ایران پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کو یکسر مسترد کرتے ہیں، ایران پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہر اس اقدام کی مخالفت کرتے ہیں جو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی ہو۔

اعلامیے کے مطابق مسلم دنیا نے ریاستوں کی خود مختاری، سالمیت کے احترام اور تنازعات کے پر امن حل پر زور دیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ کے حالیہ بحران کا فوجی ذرائع سے حل ممکن نہیں، اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت کو فوری روکنے کی ضرورت ہے، کشیدگی پورے خطے کے لیے سنگین نتائج کی حامل ہوسکتی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ کو جوہری اور دیگر مہلک ہتھیاروں سے پاک کرنے کی ضرورت ہے، مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک کی این پی ٹی میں شمولیت پر زور دیتے ہیں، بین الاقوامی جوہری ایجنسی کی نگرانی میں موجود تنصیبات کو نشانہ نہ بنایا جائے، اس طرح کے اقدامات عالمی قانون اور1949 جنیوا کنونشنز کی خلاف ورزی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے مذاکرات پر فوری واپسی لازمی ہے، آبی گزر گاہوں میں جہاز رانی اور سمندری سلامتی کو یقینی بنایا جائے، سفارت کاری، مذاکرات، حسن ہمسائیگی کے اصولوں کی پاسداری کی جائے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*