بیشتر قیدیوں کو اہل خانہ رضاکارانہ طور پر واپس جیل لے کر پہنچے

کراچی کی ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے فرار ہونے والے 225 قیدیوں میں سے 52 تاحال گرفتار نہ ہو سکے، پولیس اور اہل خانہ کی مدد سے 172 قیدی واپس جیل پہنچائے جا چکے ہیں جبکہ ایک قیدی خودکشی کر چکا ہے۔ واقعے کے بعد جیل حکام معطل، تحقیقات جاری اور مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے قیدیوں کے فرار کا معاملہ اب بھی حل طلب ہے، فرار ہونے والے 225 قیدیوں میں سے اب تک 172 کو دوبارہ گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ ایک قیدی نے خودکشی کر لی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق 52 قیدی تاحال مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
3 جون کی رات جیل میں ہونے والی شدید ہنگامہ آرائی کے دوران قیدیوں نے فرار کی کوشش کی، جس میں ایک قیدی موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ متعدد جیل اہلکار اور ایف سی کے اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سمیت کئی اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق بیشتر قیدیوں کو اہل خانہ نے رضاکارانہ طور پر جیل واپس پہنچایا، جبکہ دیگر کو چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی بڑے پیمانے پر تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی باقی فرار قیدیوں کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔