پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں بھی موسم انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران درجہ حرارت 43 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جس کے باعث عوام کو ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو بدھ اور جمعرات کو بھی برقرار رہنے کا قوی امکان ہے، جس کے باعث تمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک براہِ راست دھوپ میں نہ جانے کی سخت ہدایت جاری کی ہے، کیونکہ یہ وقت گرمی کی شدت کے عروج کا ہوتا ہے۔
عوام بالخصوص بچوں، بزرگوں اور خواتین کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اورزیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور خود کو ہائیڈریٹ رکھیں۔
ماہرین صحت نے بھی عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں اور بیماری کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔