فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں اس وقت بھی آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لے رہی ہیں، فائر آفیسر

کراچی کی لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں لگنے والی خوفناک آگ پر 24 گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں اب بھی آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔
فائر آفیسر کے مطابق متاثرہ تینوں فیکٹریوں میں مختلف مقامات پر آگ کے شعلے تاحال موجود ہیں۔ آگ بجھانے کی کوششوں میں دشواری اس وجہ سے پیش آ رہی ہے کہ فیکٹریوں کے اندر جانے کے تمام راستے بند ہو چکے ہیں۔
فائر آفیسر عارف منصوری نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کا عملہ مسلسل شعلوں کو قابو میں رکھنے اور آگ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے مطابق آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے، تاہم کولنگ کا عمل کئی گھنٹے مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔
واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع تو نہیں ملی، لیکن بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔
متاثرہ فیکٹریوں میں ٹیکسٹائل اور دیگر برآمدی اشیاء کی تیاری کی جاتی تھی، اور آگ کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔