عید کے اجتماعات صدر، حیدری، بلوچ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں ہوئے

شہر قائد میں بوہری برادری آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ عیدالاضحیٰ منا رہی ہے۔ شہر بھر میں واقع بوہری برادری کی مساجد میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے شریک ہوئے۔
نماز عید کے بڑے اجتماعات صدر، حیدری، بلوچ کالونی، برنس روڈ اور دیگر علاقوں میں دیکھنے میں آئے۔ خطبہ عید میں علمائے کرام نے قربانی کی اہمیت اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کو خراج تحسین پیش کیا۔
نماز کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، جو دن بھر جاری رہے گا۔ بوہری برادری ہر سال اسلامی کیلنڈر کے مطابق ایک دن پہلے عید الاضحیٰ مناتی ہے۔
شہر میں عید کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ہے۔