
قائدآباد میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں کا احتجاج 14 گھنٹے بعد بھی جاری ہے، جس کے باعث نیشنل ہائی وے پر بدترین ٹریفک جام پیدا ہو گیا ہے۔ مظاہرین نے اعلان کیا ہے کہ بجلی کی مکمل بحالی تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔
قومی شاہراہ پر قائدآباد سے ملیر ہالٹ تک گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، جب کہ ہیوی ٹریفک بھی روڈ پر پھنس گئے۔ دھرنے اور سڑک کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، بالخصوص عید قربان کے لیے جانور خرید کر واپس جانے والے شہری بھی ٹریفک میں پھنس گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مظاہرین اور پولیس افسران کے درمیان مذاکرات کی متعدد کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، اور شہریوں کا غصہ برقرار ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ علاقے میں گزشتہ کئی دنوں سے غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے، جس کے خلاف آواز بلند کرنا ان کا حق ہے۔
ٹریفک پولیس نے متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، تاہم نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی بحال نہ ہو سکی۔ صورتحال کے پیش نظر مزید سیکیورٹی اہلکاروں کو علاقے میں تعینات کر دیا گیا ہے۔