کے-الیکٹرک عوامی دشمن بن چکی ہے، بجلی چوری اور بل نادہندگان کی پشت پناہی ناقابلِ معافی جرم ہے، فوری کارروائی کی جائے!رامش عظیم – رہنما پاکستان تحریک انصاف سندھ

کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما رامش عظیم نے کراچی میں جاری بدترین بجلی بحران پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کے-الیکٹرک کو عوامی دشمن قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کے-الیکٹرک کی جانب سے اختیار کی گئی مسلسل ہٹ دھرمی، غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ، ناقابلِ برداشت حد تک بدانتظامی، اور بجلی چوروں و بل نادہندگان کو دی جانے والی درپردہ چھوٹ، کراچی کے کروڑوں شہریوں کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیپرا میں ہونے والی حالیہ سماعت کے بعد عوام کو کچھ بہتری کی امید تھی مگر افسوس کے-الیکٹرک نے تمام اُمیدوں پر پانی پھیر دیا۔ شہریوں کی چیخ و پکار، بل ادا کرنے والوں کی قربانیاں اور عوامی نمائندوں کی نشاندہی کے باوجود کے-الیکٹرک نے اپنی ناقص حکمت عملیوں اور غیر انسانی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

رامش عظیم نے ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب کی جانب سے نیپرا میں دی گئی جرأت مندانہ نمائندگی کو سراہا اور کہا کہ اُنہوں نے کراچی کے عوام کی اصل ترجمانی کی اور کے-الیکٹرک کے ظلم کو بےنقاب کیا مگر المیہ یہ ہے کہ ان سنجیدہ اعتراضات کے باوجود کے-الیکٹرک نے بجائے اصلاح کے اپنے مظالم میں مزید شدت لا دی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ کے-الیکٹرک کا عملہ خود کنڈا مافیا کے ساتھ گٹھ جوڑ میں ہے۔ بجلی چوری کروانا، میٹرز میں ٹیمپرنگ، اور جرائم پیشہ عناصر سے ملی بھگت عام ہو چکی ہے۔ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جنہیں ایسے جرائم کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، اکثر خود بھی ان گھناؤنے دھندوں میں ملوث پائے جاتے ہیں۔

رامش عظیم نے کہا کہ پورے کراچی میں اس وقت صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ خاص کر لیاقت آباد میں 10 سے 12 گھنٹے کی اعلانیہ اور 6 سے 8 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ شدید گرمی، پانی کی قلت، بیمار بچوں اور بزرگوں کی تکلیف اور کاروباری نقصانات نے شہر کو معاشی و انسانی بحران کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔

انہوں نے حکومتِ پاکستان، حکومت سندھ، نیپرا، اور دیگر ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ کے-الیکٹرک کی پرفارمنس کا ازسرِنو سخت احتساب کیا جائے۔ بجلی چوری میں ملوث ادارہ جاتی اہلکاروں اور کنڈا مافیا کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ بل نادہندگان، خصوصاً وہ صارفین جن پر لاکھوں روپے واجب الادا ہیں، کے خلاف ناقابلِ رعایت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ایمانداری سے بل ادا کرنے والے شہریوں کو اس ظلم کا شکار بننے سے بچایا جائے اور ان کے لیے خصوصی ریلیف پیکج یا بلا تعطل سپلائی کا نظام تشکیل دیا جائے۔

رامش عظیم نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ، عوام کی آواز ہے اور ہر محاذ پر کے-الیکٹرک کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔ وقت آ چکا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو انصاف دیا جائے اور کے-الیکٹرک جیسے منافع خور مافیا کو لگام دی جائے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*