
وزیراعظم شہباز شریف نے مصری صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، عبدالفتاح السیسی نے پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت قبول کرلی۔
اسلام آباد سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔
اس دوران وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کے حالیہ بحران میں فعال سفارتکاری پر صدر السیسی سے اظہار تشکر کیا۔
وزیراعظم نے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع پر پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے مفاد میں بھارت سے جنگ بندی مفاہمت برقرار رکھنے کےلیے پرعزم ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مصری صدر کی توجہ سندھ طاس معاہدے کی اہمیت کی طرف بھی مبذول کرائی۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ بالخصوص غزہ کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں درکار انسانی امداد کی مسلسل اور بروقت فراہمی یقینی بنائے، امید ہے آئندہ ماہ 2 ریاستی حل پر قوام متحدہ کی کانفرنس کے بامعنی نتائج ہوں گے۔
وزیراعظم نے پاک مصر تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مصری صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی مفاہمت کا خیر مقدم کیا اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی مصری صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، جو عبدالفتاح السیسی نے قبول کر لی۔