احتجاجی تحریک ہمارا حق ہے لیکن اس حوالے سے کوئی حتمی بات ابھی نہیں ہوئی، سلمان اکرم

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی اور سابق وزیر اعظم کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ جب چاہے عمران خان بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔
منگل کے روز بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے آرمی چیف عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا عہدہ ملنے کے حوالے سے بات کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ ’ ہم اس حوالے سے کچھ نہ بولیں تو یہی اچھا ہے۔‘
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی کا پیغام ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے پاکستان کیلئے بات کرنے کیلئے تیار ہوں البتہ وہ ن لیگ کے ساتھ کسی صورت بات نہیں کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی نے کہا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم کے بعد انصاف دفن ہوچکا اور انہوں نے آئینی ترمیم کیخلاف آواز اٹھانے کا بھی کہا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کی گفتگو
دوسری جانب پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اچھی رہی اور ان کی صحت بلکل ٹھیک ہے جبکہ ہم قومی یکجہتی کیلئے اپنا حصہ ڈالنے کیلئے تیار ہیں۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا بانی نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت اندرونی اتحاد کی ضرورت ہے، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے شکست کھائی ہے اس لیے وہ کوئی اور شرارت کر سکتا ہے، پوری قوم کو متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معیشت کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں متحد ہو کر کام کرنا ہے اور دو تہائی اکثریت والی پارٹی کے لیڈر کو باہر نہ لاکر اتحاد پیدا نہیں ہوسکتا۔
سلمان اکرم کا مزید کہنا تھا کہ احتجاجی تحریک ہمارا حق ہے لیکن اس حوالے سے کوئی حتمی بات ابھی نہیں ہوئی،6 چھ مئی کو جیل میں بریفنگ سے متعلق بانی نے کوئی بات نہیں کی۔