میڈیا ہمارا فخر ہے، بھارتی میڈیا کو مؤثر جواب دیا، آرمی چیف

پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ میڈیا ہمارا فخرہے، بھارتی میڈیا کو مؤثر جواب دیا، پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا، کیسے ہمارے میڈیا نے جواب دیا ہمیں فخر ہے، ہم کچھ نہیں چھپاتے سب حقیقت بتائی، ہمارے میڈیا کا کردارذمہ دارانہ رہا۔

اسلام آباد میں یومِ تشکر کی مرکزی تقریب کے بعد آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں پاک – بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی میڈیا کے کردار کی تعریف کی اور اپنا فخر قرار دیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستانی میڈیا ہمارا فخر ہے، جس نے حالیہ واقعات میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے بھارتی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا اور جس انداز میں ہمارے میڈیا نے حقائق سامنے رکھے، ہمیں اس پر فخر ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے کچھ نہیں چھپایا، بلکہ تمام سچ عوام کے سامنے رکھا۔

واضح رہے کہ معرکہ حق میں تاریخی فتح پر پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم شہباز شریف مہمان خصوصی تھے اور انھوں نے خطاب بھی کیا۔

یومِ تشکر کی خصوصی تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس بھی شریک تھے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت کابینہ کے ارکان، چین، ترکیہ اورآذربائیجان کے سفیر بھی موجود تھے۔

یومِ تشکر کی تقریب میں شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شاندار فلائی پاسٹ پیش کر کے قوم کے عزم اور ولولے کو سلام پیش کیا۔

بچوں نے ملی نغمے پیش کیے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ ساحر علی بگا اور دیگر نے بھی شرکا کا لہو گرمایا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*