تحریک عدم اعتماد سے پہلے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو بڑا سرپرائز دیا گیا اور بڑی حکومتی اتحادی ایم کیو ایم نے بھی اپوزیشن کے حق میں ووٹ دینے کا معاہدہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی حکومت نے بظاہر قومی اسمبلی میں اکثریت کھو دی ہے، حکومت کے قومی اسمبلی میں نمبر 164 رہ گئے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے نمبرز 177 تک پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منحرف حکومتی ارکان کے بغیر ہی متحدہ اپوزیشن کو قومی اسمبلی میں اکثریت مل گئی ہے تاہم اس حوالے سے باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔اپوزیشن ذرائع کے مطابق ایم کیوایم تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دے گی اور اس حوالے سے دونوں کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔
ڈرافٹ پر ایم کیوایم پاکستان اور متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کے دستخط ہوگئے ہیں اور معاہدے کی تصدیق چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ایم کیو ایم کے سینیٹر فیصل سبزواری نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کردی ہے۔
ایم کیو ایم کے سینیٹر فیصل سبزواری نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ متحدہ اپوزیشن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان معاہدے نے حتمی شکل اختیار کر لی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی اور ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے مجوزہ معاہدے کی توثیق کے بعد باضابطہ طور پر میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کے بیان کے مطابق اپوزیشن اور ایم کیو ایم رہنماؤں کے درمیان مشترکہ پریس کانفرنس آج شام 4 بجے اسلام آباد میں ہوگی۔
گیم اوور عمران خان: شازیہ مری کا ٹوئٹ
رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھاکہ’گیم اوور عمران خان’۔
خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کروا رکھی ہے جس پر بحث 31 مارچ کو ہوگی، آئین کے تحت رائے شماری، تحریک پیش ہونےکے تین دن بعد اور 7 دن سے پہلےکرانا ضروری ہے۔