لاہور : پاکستان میں رمضان المبارک کے پہلے روزے اور عید الفطر کی تاریخ رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کی جانب سے بتائی گئی ہے۔
رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کےسیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ ملک میں پہلاروزہ اتوار 3اپریل اور عیدالفطر 3مئی کوہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نئےچاند کی پیدائش یکم اپریل کو دن11:24 پر ہو گی، 29 شعبان 2 اپریل کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے، پاکستان کے اکثر علاقوں میں 31 گھنٹوں سے بھی زائد ہو چکی ہوگی۔
ریسرچ کونسل کے مطابق غروبِ شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق مظفر آباد، گلگت اور پشاور میں 70 منٹ، راولپنڈی ، اسلام آباد 69 ، لاہور 68 ، کوئٹہ 69 ، کراچی میں 67 منٹ ہو گا جس علاقے میں بھی مطلع صاف ہو گا۔
ہلال کی رویت باآسانی ہو جائے گی اور رمضان المبارک کا آغاز اتوار 3 اپریل سے ہو گا جب کہ شوال کا چاند ہفتہ 30 اپریل اور اتوار یکم مئی کی درمیانی رات1:28 پر پیدا ہو گا۔
ریسرچ کونسل کے مطابق یکم مئی 29 رمضان المبارک کی شام غروبِ آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 18 گھنٹوں سے بھی کم ہو گی، نیز غروبِ شمس اور غروبِ قمر کا درمیانی فرق 40 منٹ سے کم ہوگا لہٰذا پاکستان میں ہلال کی رویت اس شام ٹیلی اسکوپ سے بھی ممکن نہیں ہو گی۔
اِس طرح یکم شوال المکرم یعنی عید الفطر 30 روزے مکمل کرنے کے بعد منگل 3 مئی کو ہوگی۔