
عمرکوٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 پر ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی امیدوار صباء تالپور کو سبقت حاصل ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 پر ضمنی انتخاب کے 498 پولنگ اسٹیشن میں سے 325 کا غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا، جس کے مطابق پیپلز پارٹی کی صباء تالپور 102360 ووٹ لے کر آگے اور آزاد امیدوار لال چند 54171 ووٹ لیکردوسرے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ این اے213 کے تمام 498 پولنگ اسٹیشن پر پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کر لی ہے، پی پی امیدوار صباء تالپور 1 لاکھ 48 ہزار 965 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئیں۔
پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور نے پیپلز پارٹی کی امیدوار صباءتالپور کو مبارکباد اور کارکنوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو شاندار فتح دلانے پر این اے213 کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
فریال تالپور نے کہا کہ پیپلز پارٹی امیدوار کی کامیابی عوام کی فتح ہے،
کامیابی قائدِ عوام کے نظریے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفےکی جیت ہے، کامیابی صدر آصف زرداری کے ویژن، بلاول بھٹو کے منشور پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔
قومی اسمبلی کی اس نشست پر 18 امیدوار مدمقابل ہیں، پیپلز پارٹی کی صبا تالپور اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار لال چند مالہی کے درمیان مقابلہ تھا۔
قومی اسمبلی کی یہ نشست پیپلز پارٹی کے رہنما نواب یوسف تالپور کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔