
سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے جبکہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کی ایڈوائزری جاری کردی، جس کے مطابق اسکولوں میں بچوں کی آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے سے 2 دن سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا، آئندہ 24 گھنٹے میں بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں مطلع جزوی طور پر ابرالود رہنے کے ساتھ ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
پنجاب بھر میں بچوں کی آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد
پنجاب میں ممکنہ خشک سالی اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر میں بچوں کی آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی ہدایات پر ممکنہ خشک سالی اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے سیکرٹری ماحولیات راجہ جہانگیر انور و ڈی جی پی ڈی ایم اے نے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں پی ڈی ایم اے پنجاب، کمشنر و ڈپٹی کمشنرز بہاولپور ڈویژن، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر محکموں کے افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، صوبے بھر کی انتظامیہ کو ہیٹ ویو بارے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں 4 سے 7 ڈگری تک اچانک اضافے کا خدشہ ہے اور یہ صورتحال شہریوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے، محکمہ اسکول ایجوکیشن کو بھی بچوں کی آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔
کمشنر بہاولپور نے اجلاس کو بتایا کہ بہاولپور ڈویژن میں ممکنہ خشک سالی اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں، انتظامیہ کو واٹر باؤزرز اور جیری کینز فراہم کر دیے گئے ہیں۔
سیکرٹری ماحولیات نے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کرنے کیلئے مہم چلانے کی ہدایت کی۔
خیبرپختونخوا میں موسم جزوی ابرآلود رہنے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں موسم جزوی ابرآلود رہے گا، صوبے کے جنوبی اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور، نوشہرہ، مردان ، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، کوہستان، تورغر، کرم، خیبر، اورکزئی، مہمند، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز کوہستان اور چترال میں چند ایک مقامات پر بارش ہوئی، دروش میں 4 اور پٹن میں 9 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، کالام اور چترال میں درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
