
کراچی (پریس ریلیز) – پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری پولیٹیکل ٹریننگ رامش عظیم نے رمضان المبارک میں سحر و افطار کے دوران پانی اور گیس کی عدم دستیابی اور اشیائے خورونوش کی ہوشربا مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں کئی دنوں سے پانی کی قلت ہے جبکہ گیس کی عدم فراہمی نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ شہری روزہ رکھنے اور افطار کے وقت شدید اذیت کا شکار ہیں، مگر حکومتی نمائندے عوام کے مسائل سے لاتعلق ہیں۔
مہنگائی کے طوفان نے عوام کی کمر توڑ دی۔ حکومت کی مجرمانہ غفلت اور کرپشن کی وجہ سے رمضان میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے۔ اشیائے خورد و نوش عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔ آٹا، چینی، دالیں اور دیگر اجناس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں عام آدمی کے لیے ناقابل برداشت ہو چکی ہیں، جبکہ سرکاری سطح پر کوئی چیک اینڈ بیلنس نظر نہیں آ رہا۔
پانی اور گیس مافیا کی منافع خوری عروج پر۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ گھروں کے نلکوں میں پانی نایاب ہے مگر ٹینکر مافیا کے لیے واٹر ہائیڈرنٹس پر پانی بلا تعطل آ رہا ہے
اور من مانی قیمتیں وصول کی جارہی ہے۔ گھریلو گیس کی سپلائی معطل ہے مگر بازار میں مہنگے داموں سلنڈر باآسانی دستیاب ہیں۔ عوام ہزاروں روپے کے بل ادا کرنے کے باوجود بنیادی ضروریات سے محروم ہیں جو حکومت کی کرپشن اور نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔
پاکستان تحریک انصاف عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ کراچی کے عوام نے عام انتخابات میں عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ تحریک انصاف اپنے ووٹرز اور عوام کے حقوق کے لیے ہر محاذ پر آواز بلند کرتی رہے گی اور اس ناکام حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتی رہے گی۔