تحریک عدم اعتماد کی کامیابی یقینی ہے، نواز شریف

سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی یقینی ہے اپوزیشن جماعتوں کے نمبر گیم پورے ہیں، معالجین نے اجازت دی تو اگلی فلائٹ سے پاکستان پہنچ جاؤں گا۔

لندن میں ملاقات کے لیے آنے والے بلوچستان اسمبلی کے سابق رکن سنتوش کمار بگٹی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال نے سخت رنجیدہ کیا ہے مستحکم بلوچستان پُرامن پاکستان کے لیے ناگزیر ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ کھوکھلے نعروں اور اعلانوں نے ملک کی معاشی صورتحال کو زبوں حالی کا شکار کردیا ہے، مہنگائی بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا محال کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لائی گئی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی کیونکہ اپوزیشن کے نمبر گیم پورے ہیں عوام کو اس نظام سے چھٹکارہ دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ مستحکم پاکستان کے لیے پُرامن اور خوشحال بلوچستان ناگزیر ہے یہاں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل ہوناچاہے اور اس کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور اقتدار میں واضح پالیسیاں مرتب کیں۔

بلوچستان سمیت ملک بھر میں موجود اقلیتیں ہمیشہ سے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں ہیں اور ہماری کوشش رہی ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔

اس موقع پر سنتوش کمار بگٹی نے میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سے اہل بلوچستان کی امنگوں کا محور رہی ہے۔

انہوں نے کاوے موسوی کی رپورٹ پر میاں محمد نواز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ نے ایک بار پھر انہیں سرخرو کر دیا ہے اور میاں محمد نواز شریف اور ان کے خاندان کے شفاف کردار پر تصدیق کی مہر ثبت کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام اس نااہل نظام سے چٹھکارہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب دیکھ رہے ہیں اور پارٹی کی ہر جدوجہد میں صف اول کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*