ایف آئی اے نے دو ماہ میں کتنے انسانی اسمگلر اور ایجنٹ گرفتار کیے؟ رپورٹ جاری

راولپنڈی: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے پچھلے دو ماہ کے دوران 458 انسانی اسمگلروں اور ایجنٹوں کو گرفتار کیا۔ 

ایف آئی  اے نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف گزشتہ 2 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے کا انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ایف آئی اے نے گزشتہ 2 ماہ کے دوران 458  انسانی اسمگلروں اور ایجنٹوں کو گرفتار کیا ہے،گرفتار ملزمان میں ریڈ بک کے 8 انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر بھی شامل ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 ماہ کے دوران یونان کشتی حادثہ 2023 کے 19 اشتہاری انسانی اسمگلروں اور یونان کشتی حادثہ 2024 میں ملوث 18 انسانی اسمگلروں کو بھی گرفتار کیا گیا، اسی طرح مراکش کشتی حادثے 2025 میں ملوث 10 ایجنٹ بھی گرفتار کیے گئے۔ 

گزشتہ 2 ماہ کے دوران ایف آئی اے  نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کی 661.63 ملین روپے سے زائد مالیت کی جائیدادیں ضبط کیں جبکہ  انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے زیر استعمال73.51  ملین روپے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے۔  

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انٹرپول کے ذریعے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مجموعی طور پر 26 ریڈ نوٹس جاری کیے گئے۔  

 ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے، ملک کے تمام ایئرپورٹس پر تعینات افسران انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے کڑی نگرانی کر رہے ہیں،معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ 

ایف آئی اے کی ٹیمیں انسانی اسمگلنگ کے متاثرین سے مسلسل رابطے میں ہیں،جبکہ گرفتار اسمگلروں کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں گی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔ 

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*