پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مذاکراتی کمیٹی کو اڈیالہ جیل میں قید عمران خان سے ملاقات کی اجازت مل گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مذاکراتی کمیٹی کا آج ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل جانے کا امکان ہے، ممکنہ طور پر مذاکراتی کمہیٹی کی ملاقات دوپہر دو بجے کے بعد عمران خان سے کرائی جائے گی۔
گزشتہ روز سنی اتحاد کونسل کے سربراہ اور مذاکراتی کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا نے بتایا تھا کہ اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی اتوار 12 جنوری یا سوموار 13 جنوری کو تیسرے اجلاس کیلئے تیار ہے۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی کو ملاقات نہ کروائے جانے کے باوجود مذاکرات کا تیسرا دور جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان طے پایا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی کو ہدایات لینے کیلئے عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے گی، تاہم، بعدازاں تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات نہیں کروائی جا رہی۔