سعودی ایئر لائن ’فلائی آ ڈیل‘ فروری 2025 سے پاکستان کے لیے اپنے آپریشنز کا آغاز کر رہی ہے۔
یہ 2021 میں سعودی عرب میں شروع ہونے والی ایک بجٹ اور سستی ایئر لائن ہے جس نے گذشتہ برس پاکستانی عازمین حج کے لیے بھی اپنی سروسز فراہم کی تھیں اور فی الحال بین الاقوامی سطح پر اس کے سعودی عرب کے علاوہ مختلف ممالک میں آپریشنز جاری ہیں۔
’فلائی آ ڈیل‘ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ بین الاقوامی سطح پر اپنے آپریشنز کو بڑھانے کا ایک وسیع سلسلہ ہے اور یہ پاکستان اور جنوبی ایشیا کے لیے پہلی باقاعدہ سروس کی شروعات ہو گی۔
ایئر لائن کی ویب سائٹ کے مطابق تین فروری کو پہلی فلائٹ جدہ سے پاکستان کے کراچی ایئر پورٹ کے لیے مقامی وقت کے مطابق رات دو بج کر 45 منٹ پر پرواز کرے گی۔
پاکستان میں سول ایوی ایشن کے ترجمان اور ڈائریکٹر ایوی ایشن سکیورٹی شاہد قادرنے بی بی سی کو تصدیق کی کہ ’فلائی آ ڈیل‘ کو پاکستانی حکام کی طرف سے اجازت نامہ مل چکا ہے اور وہ ہفتے میں دو دن کراچی اور دو دن لاہور سے جدہ اور ریاض کے لیے اپنی سروسز فراہم کرے گی۔
بی بی سی سے گفتگو میں انھوں نے بتایا کہ یہ نئی سروس اس بات کی علامت ہے کہ سعودی عرب پاکستان سے سروس فراہم کرنے میں دلچسپی لے رہا ہے اور یہ بہت مثبت اور خوش آئند ہے۔
’فلائی آ ڈیل‘ ایئر لائن کے سی ای او سٹیون گرین وے نے گذشتہ دنوں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط ثقافتی اور تاریخی روابط کی بنا پر اور دونوں ممالک کے درمیان کمرشل، عازمین اور خاندانوں کے روابط کے پیش نظر فضائی سفر کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے جلد ہی ایئر لائن اپنا نیا فضائی راستہ کھول رہی ہے۔
سٹیون گرین وے نے یہ بھی عندیہ دیا کہ مستقبل میں پاکستان کے دیگر شہروں سے بھی سروسز شروع کریں گے۔