کراچی: پاکستان تحریک انصاف لیاقت آباد ٹاؤن کے جنرل سیکرٹری انجینئر عمر حیدر اور پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری پولیٹیکل ٹریننگ اور کوآرڈینیٹر این اے 249 رامش عظیم نے آج لیاقت آباد ٹاؤن چیئرمین جناب فراز حسیب اور وائس چیئرمین جناب اسحاق تیموری سے لیاقت آباد ٹاؤن میونسپل آفس میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں لیاقت آباد میں جاری ترقیاتی کام اور علاقے میں درپیش عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران مختلف مسائل پر بات چیت کی گئی، جن میں لیاقت آباد میں سیوریج کے کام کے لیے کھودی جانے والی سڑکوں کی روڈ کارپیٹنگ شامل ہے۔ ان سڑکوں پر کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اسی طرح سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر ناجائز تجاوزات جیسے پتھاروں اور ٹھیلے شہریوں کے روزمرہ آمدورفت میں رکاوٹ اور مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ ان تجاوزات کو ختم کرنے اور علاقے کی خوبصورتی کو بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ماضی قریب میں دوبارہ تعمیر کیے جانے والے لیاقت آباد سندھی ہوٹل سے پرانی سبزی منڈی کو ملانے والے لیاری ندی کے پل کے مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔ پل پر جگہ جگہ کچرے اور مٹی کے ڈھیر موجود ہیں، ساتھ ہی مکسچر مشینوں اور رکشہ کی پارکنگ نے پل کی خوبصورتی کو ماند کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ پل پر واقع روشنیاں بھی خراب حالت میں ہیں جس سے رات کے وقت عوام الناس کو مشکلات پیش آتی ہیں۔ عوام کی سہولت اور پل کی خوبصورتی کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی درخواست کی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے جلد از جلد اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے اور لیاقت آباد ٹاؤن کی تعمیر و ترقی کو آگے بڑھایا جا سکے۔
آخر میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ٹاؤن چیئرمین فراز حسیب سے درخواست کی کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور علاقے کی خوبصورتی کی بحالی کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔ کراچی کی رونق اور لیاقت آباد کی پہچان کو برقرار رکھنا ہم سب کا مشترکہ فرض ہے تاکہ یہ شہر ایک مرتبہ پھر اپنے روشن اور ترقی یافتہ مستقبل کی طرف گامزن ہو سکے۔