توشہ خانہ ٹو کیس:عمران خان اور بشریٰ کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ نہ ہو سکا

اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدم دستیابی کے باعث سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی گئی

توشہ خانہ 2 کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ نہ ہو سکا۔

سابق وزیر اعظم کے خلاف آج توشہ خانہ 2 سے متعلق اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں 2 مقدمات کی سماعت ہونی تھی۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 14 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔

اس سے قبل 8 نومبر کو اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت کرتے ہوئے عمران خان اور ان کی اہلیہ کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے آج سنایا جانا تھا جبکہ ان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی بھی مؤخر کر دی گئی۔

دوسری جانب توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر بھی سماعت نہ ہو سکی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے پراسیکیوٹر عمیر مجید ملک کی عدم دستیابی کے باعث درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 20 نومبر تک ملتوی کردی۔

پس منظر

یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی تھی۔

نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔

قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

جبکہ 13جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*