ثنا جاوید کے سابق شوہر عمیر جسوال کا طلاق اور اپنی دوسری شادی سے متعلق بیان وائرل

معروف پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید کے سابق شوہر  گلوکار عمیر جسوال نے پہلی بار اپنی طلاق اور دوسری شادی سے متعلق تبصرہ کیا ہے۔

عمیر جسوال گزشتہ ماہ  اکتوبر  کے آغاز پر ایک مرتبہ پھر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے جس کا اعلان انہوں نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کرکے کیا۔

گلوکار نے انسٹاگرام پردلہا بنے اپنی تصویر پوسٹ کی اور ساتھ ہی کیپشن میں ‘الحمداللہ’ لکھا اور قرآن شریف کی آیت بھی لکھی جس کا مطلب تھا ‘ آپ کا رب عنقریب آپ کو اتنا کچھ عطا فرمائے گا کہ آپ راضی ہو جائیں گے’۔

اب عمیر جسوال نے سرکاری ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جس میں میزبان کی جانب سے انہیں شادی کی مبارکباد پیش کی گئی اور ساتھ ہی شادی کے بعد تبدیل ہونے والی زندگی سے متعلق پوچھا گیا۔

گلوکار نے کہا ‘مجھے شادی کے لیے مبارکباد دینے کا شکریہ ، شادی کے بعد زندگی خوبصورت گزر رہی ہے’۔

اپنی طلاق سے متعلق ڈھکے چھپے الفاظ میں عمیر جسوال نے کہا ‘خدا مجھ پر بہت مہربان رہا ہے،  اللہ ہمیشہ انسان کو ایک سفر کے ذریعے صحیح مقام پر پہنچاتا ہے، اور جب آپ کو تقدیر درست مقام پر پہنچادیتی ہے تب آپ کو احساس ہوتا ہے کہ اللہ نے آپ کو ایک مخصوص سفر سے کیوں گزارا، پھر آپ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں’۔

عمیر جسوال نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا ‘میں نے سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں سے بات کی تھی جو کافی پریشان تھے۔ مجھے پیغامات موصول ہوئے اور ناصرف میرے مداح بلکہ دیگر افراد بھی میرے لیے فکر مند تھے، میں انہیں یہ ہی سمجھا رہا تھا کہ اللہ کو یہ ایسے ہی منظور تھا’۔

انہوں نے کہا، شادی کے اعلان کے بعد مجھے غیر معمولی ردعمل ملا، ایک تصویر سے ہی مداح اتنا خوش ہوئے، میں بہت خوش ہوں کہ لوگ مجھ سے محبت کرتے ہیں اور میرے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گلوکار عمیر جسوال کی پہلی شادی اداکارہ ثنا جاوید سے ہوئی تھی، دونوں کا نکاح اکتوبر 2020 میں ہوا تھا۔

تاہم گزشتہ سال جوڑے کے درمیان علیحدگی کی افواہوں نے اس وقت زور پکڑا جب دونوں نے اپنے اپنے انسٹاگرام پروفائل سے نکاح کی تصاویر ڈیلیٹ کردی تھیں۔

پھر رواں سال جنوری میں عمیر اور ثنا کی علیحدگی کی تصدیق اس وقت ہوئی جب ثنا اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک کی شادی کی خبر سامنےآئی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*