کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا سلسلہ برقرار ہے جس کے نتیجے میں ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس نے 85 ہزار 615 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح عبور کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس 705 پوائنٹس کے اضافے سے 85615 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر آگیا۔
افراط زر میں کمی کے تناسب سے شرح سود میں نمایاں کمی کی توقعات، آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت کے بعد پاکستان میں شعبہ جاتی بنیادوں پر غیرملکی سرمایہ کاری کے راستے کھلنے، سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی آئل اینڈ گیس سیکٹر میں ممکنہ سرمایہ کاری جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج بھی بڑی نوعیت کی تیزی سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی 85 ہزار 615 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بھی عبور ہوگئی۔
تیزی کے سبب متعدد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جن کی مالیت میں اربوں روپے کا اضافہ ہوگیا۔ رواں سال غیرملکی سرمایہ کاری کے حجم میں 17فیصد کے اضافے، تجارتی خسارہ قابو میں آنے جیسے عوامل کے سبب غیرملکیوں کے ساتھ انسٹیٹیوشنز ودیگر شعبوں کے سرمایہ کاروں کی آئل اینڈ گیس فرٹیلائزر بینکنگ سیکٹر میں پراعتماد انداز میں سرمایہ کاری سے بیشتر دورانیے میں کیپیٹل مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن ہے۔