ملک بھر میں پیراسیٹامول پین کلرز کی قلت برقرار ہے، فارماسسٹ ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کمی تین گنا مہنگی گولی کی فروخت کے سبب پیدا کی گئی ہے جو ہائی ڈوسیج ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ینگ فارماسسٹ ایسوسی ایشن (پی وائے پی اے) نے وزیر عظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں مطلع کیا ہے کہ گزشتہ 4 سالوں کے دوران 500 ایم جی پیراسیٹامول کی ٹیبلیٹ کی قیمت میں 90 پیسے سے ایک روپے 70 پیسے تک کا اضافہ ہوا ہے۔
ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا ہے کہ قلت کے سبب مریض 665 ایم جی ٹیبلیٹ پر منتقل ہوئےہیں۔
پی آئی پی اے کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر فرقان ابراہیم نے ڈان کو بتایا کہ ’یہ بات حیرت انگیز ہے کہ 500 ایم جی کی ٹیبلیٹ کی قیمت ایک روپے 70 پیسے ہے، جبکہ 665 ایم جی ویرینٹ اس سے بہت زیادہ 5 روپے 68 پیسے ہے‘۔