ترجمان اسرائیلی فوج نے ایکس پر بیان میں دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے ہفتے کو دعویٰ کیا ہے کہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ بیروت میں ایک حملے میں مارے گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ہفتے کو ایکس پر ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ ’حسن نصر اللہ اب دنیا کو خوف زدہ نہیں کر پائیں گے۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز نے حزب اللہ کے قریبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ جمعے کو شدید فضائی بمباری کے بعد سے حسن نصراللہ سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج کے دعوے کے حوالے سے تاحال حزب اللہ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ بیروت پر شدید بمباری کے بعد حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو شہید کرنے کے دعوے سے اسرائیلی حکام بظاہر دستبردار ہو گئے تھے اور ایرانی میڈیا کا کہنا تھا کہ حسن نصر اللہ ایک محفوظ مقام پر موجود ہیں۔
جمعہ کی شام بیروت کے دیہہ نامی علاقے پر شدید بمباری کے بعد اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا تھا کہ حسن نصر اللہ شہید ہو گئے لیکن پھر برطانوی خبررساں ادارے روئٹرز حزب اللہ کے ذرائع کے حوالے سے خبر دی کہ وہ محفوظ ہیں۔
ایران کے پریس ٹی وی کے مطابق حزب اللہ کی سیکیورٹی زرائع نے اسے بتایا ہے کہ حسن نصر اللہ کو حملے میں کوئی نقصان نہیں پہنچا اور وہ ایک محفوظ مقام پر موجود ہیں۔
جس کے بعد اسرائیلی حکام بھی اپنے دعوے سے پیچھے ہٹتے دکھائی دیے۔ یروشلم پوسٹ کے مطابق اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ یہ ماننا بہت مشکل ہے کہ حملے میں حسن نصراللہ بچ گئے ہوں۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیلی فوج حسن ناصر اللہ کی موت کی تصدیق کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایکس پر ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ حسن نصر اللہ اب دنیا کو خوف زدہ نہیں کر پائیں گے۔
برطانیہ کے اسکائی ٹی وی کے مطابق اس معاملے میں ابہام پایا جاتا ہے کیونکہ اسرائیل کی بمباری سے کتنا بڑا علاقہ تباہ ہوا ہے وہاں مرنے والوں کی لاشوں تک پہنچنے کے لیے امدادی کارکنوں کو کافی وقت لگے گا۔
پریس ٹی وی کے مطابق حزب اللہ کی ایک اور اہم رہنما حشام سید الدین بھی حملے میں محفوظ رہے۔ ایران کی تسلیم نیوز ایجنسی کا دعوی ہے کہ اسرائیلی بمباری سے حزب اللہ کے کسی کمانڈر کو نقصان نہیں پہنچا۔
اسرائیلی حکام کے مطابق حزب اللہ کے کمانڈ سینٹرز بیروت میں رہائشی عمارتوں کے نیچے قائم تھے۔۔ اسرائیل کے ایف 35 طیاروں نے جمعہ کی شام بیروت کے علاقے پر شدید بمباری کی اور ایک پورا بلاک تباہ کر دیا۔