سونا خریدنے والوں کیلئے ایک بار پھر بری خبر آگئی
سونے کی مقامی اور عالمی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا، فی تولہ سونے کی قیمت 1500 روپے اضافے سے پہلی بار 2 لاکھ 77 ہزار روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
پاکستان میں سونے کی قیمت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے، عالمی و مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کے فی تولہ نرخ میں 1500 روپے کا اضافہ ہوگیا، جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت پہلی بار 2 لاکھ 77 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 1285 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس سے 10 گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 37 ہزار 482 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت 12 ڈالرز اضافے کے بعد 2 ہزار 665 ڈالرز فی اونس ہوگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 2500 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 75 ہزار 500 روپے ہو گئی تھی جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 2144 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 36 ہزار 197 روپے کی سطح پر آگئی تھی۔